تازہ ترین
صفحہ اول / آرکائیو / لندن: یو کرین جنگ بندی میں ناکامی: ٹرمپ کا اعتراف "پیوٹن نے مجھے مایوس کیا”

لندن: یو کرین جنگ بندی میں ناکامی: ٹرمپ کا اعتراف "پیوٹن نے مجھے مایوس کیا”

لندن – لندن میں برطانوی وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی کی کوششوں میں ناکامی کا اعتراف کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے قریبی تعلقات کی بنیاد پر جنگ کے خاتمے کی امید رکھتے تھے، لیکن پیوٹن نے ان کی توقعات پر پورا نہ اُتر کر مایوس کیا۔ ٹرمپ نے کہا، "میں نے سمجھا تھا کہ یہ سب سے آسان مسئلہ ہوگا کیونکہ میری پیوٹن سے اچھی دوستی ہے، مگر انہوں نے مجھے مایوس کیا۔”

پریس کانفرنس میں ٹرمپ نے یورپی ممالک پر زور دیا کہ وہ روس سے تیل خریدنا بند کریں تاکہ ماسکو پر اقتصادی دباؤ بڑھایا جا سکے اور جنگ رکنے کی کوئی صورت نکلے۔ اس موقع پر جب برطانیہ کی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی پالیسی پر سوال کیا گیا تو انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس فیصلے سے متفق نہیں اور یہ دونوں ملکوں کے درمیان چند پالیسی اختلافات میں سے ایک ہے۔

امیگریشن کے موضوع پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے برطانیہ کی پالیسی پر تنقید کی اور کہا کہ اگر وہ برطانیہ کے وزیرِاعظم ہوتے تو غیر قانونی امیگریشن کو روکنے کے لیے فوج کا استعمال کرتے۔ تاہم ان تمام اختلافات کے باوجود، انہوں نے امریکا اور برطانیہ کے تعلقات کو "ناقابلِ شکست رشتہ” قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک عالمی سطح پر قریبی شراکت دار ہیں۔

پریس کانفرنس کے آخر میں یہ بھی بتایا گیا کہ دونوں ممالک نے ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس میں امریکی ٹیک کمپنیوں کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے