تازہ ترین
صفحہ اول / آرکائیو / اسرائیل کو جنگی جرائم پر کٹہرے میں لانا ہوگا، شہباز شریف کا عرب اسلامی سربراہی اجلاس سے خطاب

اسرائیل کو جنگی جرائم پر کٹہرے میں لانا ہوگا، شہباز شریف کا عرب اسلامی سربراہی اجلاس سے خطاب

دوحہ – وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے دوحہ میں ہونے والے عرب اسلامی ہنگامی سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیل کی جارحیت کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اسرائیل نے برادر اسلامی ملک قطر کی خودمختاری اور سلامتی کی کھلی خلاف ورزی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک افسوسناک اور نازک صورتحال کے تناظر میں یہاں جمع ہوئے ہیں، جہاں اسرائیل کے مسلسل جارحانہ اقدامات نے پورے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ پاکستان قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل کی یہ کارروائیاں نہ صرف ایک آزاد ریاست پر حملہ ہیں بلکہ مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کی تمام کوششوں کو بھی شدید نقصان پہنچا رہی ہیں۔ "یہ واضح ہے کہ اسرائیل نے امن مذاکرات کا محض دکھاوا کیا، جبکہ عملاً وہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیوں میں مصروف رہا۔”

انہوں نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کرائی جائے اور زخمیوں و متاثرین تک طبی امداد پہنچانے کے لیے فوری رسائی دی جائے۔ "غزہ میں انسانیت سسک رہی ہے، وہاں کی شہری آبادی کو ہنگامی امداد کی ضرورت ہے۔”

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس تجویز کی مکمل حمایت کرتا ہے کہ اسرائیل کی اقوامِ متحدہ میں رکنیت معطل کی جائے، کیونکہ ایک ریاست جو کھلے عام عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرے، اسے عالمی برادری میں جگہ نہیں دی جا سکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے حامی ہیں۔ "اگر آج ہم نے اجتماعی دانش اور عملی اقدامات نہ کیے تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔”

واضح رہے کہ یہ اجلاس اسرائیل کے قطر پر حملے، فلسطینی علاقوں پر جاری مظالم اور خطے میں پیدا ہونے والی سنگین صورتحال کے پیش نظر بلایا گیا، جس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سمیت 50 سے زائد اسلامی ممالک کے رہنما شریک ہوئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے