ٹوکیو – پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2025 کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں جاری چیمپئن شپ میں ارشد ندیم واحد پاکستانی ایتھلیٹ کے طور پر شریک ہیں۔ انہوں نے کوالیفائر گروپ ’بی‘ میں پہلی تھرو کی، جو 76.90 میٹر رہی — جو ان کے معیار کے مطابق خاصی کمزور تھی۔
دوسری کوشش میں بھی ارشد بہتر کارکردگی نہ دکھا سکے اور تھرو کا فاصلہ 74.17 میٹر رہا۔ ابتدائی دو کوششوں کے بعد ان کے فائنل تک رسائی کے امکانات مدہم پڑ گئے تھے، تاہم تیسری اور آخری تھرو میں انہوں نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے 85.28 میٹر کی تھرو کی، جس کے نتیجے میں وہ فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہو گئے۔
اب فائنل میں ان کا مقابلہ بھارت کے عالمی چیمپئن نیرج چوپڑا سمیت دیگر عالمی درجے کے ایتھلیٹس سے ہوگا۔ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کا فائنل کل (18 ستمبر) کو ٹوکیو میں منعقد ہوگا۔
یاد رہے کہ ارشد ندیم حالیہ مہینوں میں انجری کے باعث ورلڈ ایتھلیٹکس سلور ٹور اور ڈائمنڈ لیگ سے باہر ہو گئے تھے، جس کے بعد ان کی تمام توجہ ورلڈ چیمپئن شپ پر مرکوز رہی۔
28 سالہ ارشد ندیم، جو پیرس اولمپکس کے لیے پاکستان کی امید سمجھے جا رہے ہیں، نے رواں سال جون میں پنڈلی کی سرجری کروائی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے لندن میں چند ہفتے بحالی (ری ہیب) کے عمل میں گزارے اور پھر وطن واپس آ کر لاہور میں چیمپئن شپ کی تیاری کی۔