تازہ ترین
صفحہ اول / آرکائیو / جعلی فٹبال ٹیم کے ذریعے انسانی اسمگلنگ، ایف آئی اے نے بڑا اسکینڈل بے نقاب کر دیا

جعلی فٹبال ٹیم کے ذریعے انسانی اسمگلنگ، ایف آئی اے نے بڑا اسکینڈل بے نقاب کر دیا

اسلام آباد – انسانی اسمگلرز نے زمینی راستوں پر سخت نگرانی کے باعث نیا طریقہ واردات اپنا لیا۔ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے جعلی فٹبال ٹیم کے ذریعے انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اہم ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے کے مطابق 22 افراد پر مشتمل جعلی فٹبال ٹیم سیالکوٹ ایئرپورٹ سے جاپان روانہ ہوئی، تاہم جاپانی حکام نے تمام افراد کے دستاویزات جعلی قرار دیتے ہوئے انہیں واپس پاکستان ڈی پورٹ کر دیا۔

ایف آئی اے نے اسکینڈل میں ملوث مرکزی ملزم **ملک وقاص** کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ تھانہ ایف آئی اے گوجرانوالہ میں مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

تحقیقات کے مطابق، تمام افراد کو فٹبال کھلاڑیوں کی طرح تربیت دی گئی تھی، اور ان سے فی کس **40 لاکھ روپے** وصول کیے گئے۔ ملزم نے فٹبال فیڈریشن کی جعلی رجسٹریشن، جعلی شیڈول، اور وزارت خارجہ کے جعلی دستاویزات تیار کیے تھے، جنہیں جاپان میں امیگریشن حکام نے جعلی قرار دے دیا۔

گرفتار ملزم نے انکشاف کیا کہ جنوری 2024 میں بھی اسی طرز پر **17 افراد** کو جعلی فٹبال ٹیم کے طور پر جاپان بھجوایا گیا تھا۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ کے اس غیر روایتی مگر خطرناک طریقے کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے، اور ملوث تمام افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے