تازہ ترین
صفحہ اول / آرکائیو / سیلاب و بارش: وزیراعظم کا نقصانات کا حقیقت پسندانہ تخمینہ لگانے کا حکم

سیلاب و بارش: وزیراعظم کا نقصانات کا حقیقت پسندانہ تخمینہ لگانے کا حکم

اسلام آباد – وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جانی و مالی نقصانات، فصلوں، مواصلاتی ذرائع اور لائیو اسٹاک کو پہنچنے والے نقصان کا جامع اور حقیقت پسندانہ تخمینہ فوری طور پر لگایا جائے، تاکہ بحالی کا مؤثر اور مربوط لائحہ عمل ترتیب دیا جا سکے۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق، وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے حالیہ موسمی صورتحال کے پیشِ نظر منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں وفاقی و صوبائی اداروں کو نقصانات کے ازالے کے لیے فوری اور مشترکہ اقدامات کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم کو اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے سمیت دیگر اداروں کی جانب سے سیلابی صورتحال اور اب تک کیے گئے امدادی و بحالی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گنا، کپاس اور چاول جیسی اہم فصلوں کے نقصانات کے تخمینے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جو آئندہ 10 سے 15 دنوں میں پانی کی سطح کم ہونے کے بعد مکمل کر لیا جائے گا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام وفاقی و صوبائی ادارے نقصان کے تخمینے کے لیے قریبی رابطہ رکھیں اور بحالی کے اقدامات میں ایک دوسرے سے بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ تخمینے میں صرف جانی و مالی نقصان ہی نہیں بلکہ فصلوں اور مال مویشی کے نقصانات کو بھی شامل کیا جائے۔

وزیراعظم نے اسپارکو سے سیٹلائٹ ڈیٹا کی مدد لینے، سیلاب سے متاثرہ فصلوں کو بیماریوں سے بچانے، اور موزوں نئی فصلوں کی کاشت کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ سڑکوں اور دیگر مواصلاتی ذرائع کی بحالی کو اولین ترجیح دی جائے، اور تمام وزرا اور متعلقہ ادارے بحالی کے عمل میں عوام کے ساتھ میدانِ عمل میں موجود رہیں۔

وزیراعظم نے اس بات کو سراہا کہ تمام وزرائے اعلیٰ نے موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت اور مؤثر اقدامات کیے ہیں، جو قابلِ تحسین ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے