اسلام آباد / ریاض : پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایک اہم دفاعی معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو فروغ دینا اور مشترکہ دفاع کو مضبوط بنانا ہے۔
"اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے” (Strategic Mutual Defence Agreement – SMDA) پر دستخط وزیرِ اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کیے۔ معاہدے کے تحت اگر کسی ایک ملک کے خلاف جارحیت ہوتی ہے، تو اسے دونوں ممالک کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ:
* پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات آٹھ دہائیوں پر محیط تاریخی شراکت داری پر مبنی ہیں۔
* دونوں ممالک کے درمیان قریبی دفاعی تعاون اور مشترکہ اسٹریٹجک مفادات اس معاہدے کی بنیاد ہیں۔
* یہ معاہدہ نہ صرف دونوں ممالک کی قومی سلامتی کو مضبوط بنائے گا، بلکہ خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کا بھی مظہر ہے۔
معاہدے کا مقصد دفاعی تعاون کو فروغ دینا، خطرات کا مشترکہ طور پر مقابلہ کرنا، اور کسی بھی ممکنہ جارحیت کی صورت میں باہمی دفاع کو یقینی بنانا ہے۔