تازہ ترین
صفحہ اول / آرکائیو / کوئی کتنی بار وزیراعظم بنا ہو جرم کرے گا تو سزا بھی ہوگی، شبلی فراز

کوئی کتنی بار وزیراعظم بنا ہو جرم کرے گا تو سزا بھی ہوگی، شبلی فراز

اسلام آباد ۔ وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ کوئی کتنی بار بھی وزیراعظم بنا ہو اگر جرم کرے گا تو سزا بھی ہوگی۔ شبلی فراز کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان، کشمیر اور اسلام کا کاز لے کر چل رہے ہیں۔ کیا ملک میں ہونے والی ہر ایف آئی آر وزیراعظم کی منظوری سے ہوتی ہیں؟ اس ایف آئی آر کو ہمارے کھاتے میں نہ ڈالیں۔ ہم نے سرٹیفکیٹ نہیں بانٹے تاہم دشمن کے بیانیے کو پروموٹ کرنے والے کون ہیں؟

ان کا کہنا ہے کہ نوازشریف کے خلاف مقدمہ وزیراعظم کے کہنے پر درج نہیں ہوا جب کہ ایف آئی آر کوئی بھی درج کروا سکتا ہے اور ہوسکتا ہے یہ ایف آئی آر نواز شریف کے اپنے کارکن ہی نے درج کروائی ہو۔ لیکن کوئی کتنی بار بھی وزیر اعظم بنا ہو اگر جرم کرے گا تو سزا بھی ہوگی۔

انہوں نے بتایا سیاسی معاملات پر کابینہ ارکان نے وزیراعظم سے رہنمائی حاصل کی۔ اپوزیشن ملکی مفاد کے خلاف بیانیہ بنانے کی کوشش کررہی ہے۔ حکومت کے پاس مختلف ذرائع سے معلومات آتی ہیں۔ انڈیا چاہتا ہے پاکستان ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں جائے۔ملک دشمن چاہتے ہیں کہ ملک معاشی و دفاعی طور پر کمزور ہو۔

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کی جائیدادیں باہر ہوں ان کو استعمال کرنا آسان ہوتا ہے۔ مفادات کا ٹکراو کبھی آپکو آزاد خارجہ پالیسی نہیں بنانے دیتا ۔اپنی دولت بچانے کے لیے سمجھوتا کرنا پڑتا ہے۔عمران خان کا بیرون ملک کوئی مفاد نہیں، اسکو پریشر میں لانا مشکل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جو کرنا چاہتی ہے کرے، حکومت اپنا کام کررہی ہے۔عمران خان پریشر میں مزید مضبوط لیڈر بن کر سامنے آتا ہے۔

وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کابینہ اجلاس پر میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے پر کابینہ اور وزیراعظم کو تشویش ہے۔ بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے لیے مختلف پیکجز زیر غور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مختلف معاشی اشاریے حوصلہ افزاء ہیں۔ دو سال سے لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں اضافہ نہیں ہو رہا تھا اب وہ بھی بڑھ رہی ہے۔غیر ملکی سرمایہ کاری بھی کافی حوصلہ افزاء ہے۔ سوائے مہنگائی کے تمام معاشی اشاریے مثبت ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گندم اور چینی کے اسٹاک پر کابینہ میں تفصیلی بات ہوئی۔ بتایا گیا کہ گندم اور چینی کے سٹاک ہماری ضروریات کے مطابق ہے۔سندھ حکومت کی جانب سے بروقت اسٹاک نہ اٹھانے پر قیمتیں زیادہ ہیں۔موسمیاتئ تبدیلی کے باعث بھی فصلوں کی پیداوار متاثر ہوئی۔

شبلی فراز نے بتایا کہ کابینہ کو پی آئی اے کے سالانہ منافعے اور نقصان کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ قومی ائیرلائنز مختلف وجوہات کی بنیاد پر مسلسل خسارے کا شکار تھی۔موجود انتظامیہ کی کوششوں کی نتیجے میں 2019میں واضح بہتری سامنے آئی۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ آمدن میں مثبت رجحان کورونا کی وجہ سے متاثر ہوا۔ موجودہ انتظامیہ کی کوششوں کی بدولت آمدن میں 42.5فیصد اضافہ ہوا ہے۔ آٹھ سالوں بعد2019میں پی آئی اے کا کل منافع 7.8ارب روپے سامنے آیا۔ کابینہ نے کورونا وبا کے دوران بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے پر پی آئی اے کی خدمات کو سراہا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ وہ حکومت جانے تک نواز شریف کے ترجمان ہیں میں انہیں مبارک دیتا ہوں کہ وہ تاحیات ترجمان بن چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے