صفحہ اول / آرکائیو / ’’کالعدم تحریک لبیک کا لاہور دھرنا ختم کرنے کا اعلان‘‘

’’کالعدم تحریک لبیک کا لاہور دھرنا ختم کرنے کا اعلان‘‘

لاہور ۔ قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کرنے پر کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے لاہور کے مرکزی دھرنے سمیت ملک بھر میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ میڈیا کے مطابق حکومت کی جانب سے فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرنے سے متعلق قرارداد قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کرنے پر تحریک لبیک نے لاہور کے مرکزی دھرنے کو بھی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

قبل ازیں رات گئے ٹی ایل پی نے ملک بھر کے دھرنے ختم کرکے صرف لاہور کا دھرنا جاری رکھنے کا کہا تھا۔

دھرنا ختم کرنے کا اعلان کالعدم تنظیم کے رہنما شفیق امینی اور شوریٰ کے دیگر ارکان نے کیا۔ شفیق امینی نے کہا کہ حکومت نے قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کرکے وعدہ پورا کیا جب کہ دیگر معاملات میں بھی مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔

علامہ ڈاکٹر شفیق امینی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار فرانس کے سفیر کی ملک بدری سے متعلق قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کی گئی، اس قرارداد پر جو بحث ہوئی ہے یہ اللہ پاک کا کرم ہے، اللہ پاک نے اس قوم کو تحریک لبیک کی صورت میں ایک تحفہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمارے ساتھ فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرنے سے متعلق قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کرنے کا وعدہ کیا تھا اس پرعمل ہوچکا ہے لہذا اب مرکزی دھرنے سمیت ملک بھر میں جہاں بھی احتجاج ہورہا ہے اسے ختم کردیا گیا ہے، دیگرمعاملات بارے بھی مثبت پیش رفت ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کارکنان پرامن رہیں، تمام مرکزی قائدین صورت حال کودیکھ رہے ہیں، سوشل میڈیا پربعض عناصراس کامیابی کو دبانے کی کوشش کررہے ہیں، تمام خبریں اوراطلاعات مرکزی شوری کی طرف سے جاری ہوں گی، یہ بہت بڑی کامیابی ہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی میں ناموس رسالت کی آواز گونجی ہے۔ دریں اثنا حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد اب سربراہ ٹی ایل پی حافظ سعد رضوی کو جلد ہی رہا کردیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے