تازہ ترین
صفحہ اول / آرکائیو / دشمن کے منفی عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، جنرل قمر جاوید باجوہ

دشمن کے منفی عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، جنرل قمر جاوید باجوہ

راولپنڈی – پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں جنگ کی نوعیت بدل چکی ہے۔ ہم انشا اللہ دشمن کے منفی عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا یوم دفاع وشہداء کی تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ دفاع وطن ایک مقدس فریضہ ہے جو ہمیں اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے۔ شہدا کے لواحقین اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ آپ کے پیاروں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ آج کی تقریب کا واضح مقصد ہے کہ ہم اپنے شہدا کو نہیں بھولے۔

آرمی چیف نے کہا کہ فوج کی کامیابی بڑی حد تک عوام کی حمایت پر منحصر پر ہوتی ہے۔ عوام کے تعاون کے بغیر کوئی بھی فوج ریت کی دیوار ثابت ہوتی ہے۔ موجودہ دور میں جنگ کی نوعیت بدل چکی ہے۔ ہم انشا اللہ دشمن کے منفی عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کی ترقی کا خواہشمند ہے۔ وہاں کی عوام نے بہت مشکلات کا سامنا کیا ہے۔ پاکستان کے عوام افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ افغانستان میں تمام فریقین کی نمائندہ حکومت کا قیام چاہتے ہیں۔ افغان سرزمین کسی کیخلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان مسئلہ کشمیر کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اقدام کو مسترد کرتے ہیں۔ کشمیریوں کی سیاسی وسفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہر آزمائش میں ثابت کیا کہ پاک فوج ہر چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی اور مادر وطن کا دفاع کرنا جانتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے