تازہ ترین
صفحہ اول / آرکائیو / مسلم لیگ ق کے اراکین کا پرویز الہیٰ پر بھرپور اعتماد، فیصلوں کا اختیار دے دیا

مسلم لیگ ق کے اراکین کا پرویز الہیٰ پر بھرپور اعتماد، فیصلوں کا اختیار دے دیا

لاہور – مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی نے چوہدری پرویز الہیٰ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تمام فیصلوں کا اختیار دے دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور مسلم لیگ قائداعظم کی پارلیمانی لیڈر ساجد بھٹی کی زیر صدارت مسلم لیگ قائداعظم کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس جس میں موجودہ سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا.

مسلم لیگ ق کی پارلیمانی کمیٹی نے چوہدری پرویز الہیٰ کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تمام فیصلوں کا اختیار دے دیا اور کہا کہ پرویز الہیٰ کی قیادت میں مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی متحد و یکجان ہے۔

پارلیمانی پارٹی کے اراکین نے فیصلہ کیا کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کی صورت میں وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویزالٰہی، اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان اور ڈپٹی سپیکر واثق قیوم کو ووٹ دیں گے۔

اراکین نے فیصلہ کیا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے تھے اور آئندہ بھی کھڑے رہیں گے۔ مسلم لیگ ق کے پارلیمانی لیڈر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویزالٰہی ہمارے لیڈر ہیں، پوری پارلیمانی، سیاسی اور عوامی قوت کے ساتھ چوہدری پرویزالٰہی کے شانہ بشانہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’اختلافات کا پروپیگنڈہ کرنے والوں کے مذموم عزائم ناکام ہوں گے‘۔

پارلیمانی لیڈر مسلم لیگ قائداعظم ایم پی اے ساجد بھٹی، حافظ عمار یاسر، شجاعت نواز، محمد عبداللہ وڑائچ، محمد رضوان، احسان الحق، محمد افضل، خدیجہ عمر اور باسمہ چودھری جبکہ ایم این اے حسین الٰہی نے شرکت کی۔

دوسری جانب چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ قائداعظم متحد ہے اور متحد رہے گی۔ افواہیں پھیلانے والے مخصوص ایجنڈے پر چل رہے ہیں، عمران خان کا ساتھ دیا اور آئندہ بھی دیتے رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے