نئی دہلی – بھارت کی شمال مشرقی ریاست سکم میں تیز رفتار فوجی ٹرک ڈرائیور سے بے قابو ہو کر کھائی میں گرگیا جس کے نتیجے میں 3 افسران اور 13 اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ متعدد زخمی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست سکم میں ایک ٹرک اور 3 دیگر گاڑیوں پر مشتمل فوجی قافلہ چٹن کے علاقے سے تھانگو جا رہا تھا کہ راستے میں جیما کے مقام پر ایک ڈھلوان پر ڈرائیور ٹرک پر قابو نہ رکھ پایا۔
فوجی ٹرک گہری کھائی میں گر کر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ فوجیوں کو نکالنے کے لیے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے 4 اہلکاروں کو شدید زخمی حالت میں قریبی ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا۔
کھائی اتنی گہری تھی کہ امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا رہا۔ جائے وقوعہ سے 19 فوجیوں کی لاشیں اسپتال منتقل کی گئی جن میں سے 3 اعلیٰ افسران اور 13 اہلکار تھے۔
بھارتی فوج کے ترجمان نے حادثے میں جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ ٹریفک حادثہ تھا جس میں دہشت گردی کے عنصر کا کوئی سراغ نہیں ملا تاہم انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔