اسلام آباد – وفاقی وزیرداخلہ نے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش کی جارہی ہے، جس کی پہلی شرط یہ ہے کہ وہ ہتھیار ڈالیں اور خود کو قانون کے تابع کریں۔
رانا ثنااللہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی انسداد دہشت گردی کیخلاف کوششیں جاری ہیں، انہیں پبلک نہیں کیا جاسکتا ہے لیکن اس سے یہ نہ سمجھا جائے کہ کچھ ہو نہیں رہا بلکہ بہت کچھ ہو رہا ہے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی میں دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کے عزم کا اعادہ کیا گیا، دہشت گردی کے واقعات سے بچنے کےلیے پیشگی اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ جس طرح افغانستان میں طالبان حکومت ایک حقیقت ہے، اسی طرح ٹی ٹی پی کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن اس کی پہلی شرط یہ ہے کہ وہ ہتھیار ڈال دیں اور خود کو آئین و قانون کے تابع کردیں۔