دوبئی – بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے فروری میں ڈبلیو ٹی اے 1000 کے بعد ریٹائرمنٹ لینے کی تصدیق کردی۔ پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک کی اہلیہ اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے ریٹائرمنٹ کا منصوبہ بتا دیا ۔
ثانیہ مرزا نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ آئندہ ماہ دبئی کے ایونٹ کے بعد ریٹائر ہو جائیں گی ، ان کا کہنا تھا کہ میں ڈبلیو ٹی اے فائنلز کے بعد اختتام کرنا چاہتی تھی ، ہم ڈبلیو ٹی اے کے فائنلز میں پہنچ رہے تھے لیکن انجری کا شکار ہو گئی۔
ثانیہ مرزا نے مزید کہا کہ یو ایس اوپن سمیت تمام ایونٹس سے مجھے دستبردار ہونا پڑا، میں اپنی مرضی کے مطابق کام کرنے والی عورت ہوں۔
ٹینس اسٹار نے کہا ہے کہ میں نہیں چاہتی تھی کہ انجری میرا کیریئر ختم کرے، اس لیے میں نے ٹریننگ جاری رکھی، پلان یہ ہے کہ میں اب ڈبلیو ٹی اے 1000 کھیلنے کی کوشش کروں اور دبئی میں ریٹائر ہو جاؤں۔
واضح رہے کہ ثانیہ مرزا آسٹریلین اوپن کے ڈبلز میں قازقستان کی اینا ڈیلینا کے ساتھ حصہ لیں گی۔
ثانیہ مرز نے اپنے کیریئر میں چھ گرینڈ سلیم ڈبلزٹائٹل جیتے ہیں۔
ایشین گیمز اور کامن ویلتھ گیمز میں بھی ڈبلز کے مقابلوں میں وہ میڈلز اور کامیابیاں سمیٹ چکی ہیں، انہوں نے 2010 میں دہلی میں ہونے والی کامن ویلتھ گیمز میں سنگلز میں چاندی جبکہ ڈبلز میں کانسی کا میڈل جیتا تھا، ایشین گیمز میں انہوں نے مجموعی طورپر سات میڈلز حاصل کیے ہیں۔