اسلام آباد – الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی ضمانت منظور ہونے کے بعد انہیں اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا۔
فواد چوہدری کی درخواست ضمانت پر ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے سماعت کی، فواد چوہدری کے وکیل بابر اعوان عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
سینیئر وکیل سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان اور تفتیشی افسر ریکارڈ سمیت عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ عدالت نے 20 ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے فواد چوہدری کو رہا کرنے کا حکم دیا۔
جج فیضان گیلانی نے ریمارکس دیے کہ اس شرط پر ضمانت دے رہا ہوں کہ فواد چوہدری یہ گفتگو دوبارہ نہیں کریں گے۔ دوران سماعت، الیکشن کمیشن اور پراسیکیوشن نے فواد چوہدری کی ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کی تھی۔
فواد چوہدری کی ضمانت منظور ہونے کے بعد فیصل چوہدری نے اسلام آباد کچہری میں کارکنان کو ہدایت کی کہ ابھی ہم اڈیالہ کی طرف نکلیں گے۔