صفحہ اول / آرکائیو / شمالی وزیرستان: فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ، دو جوان شہید

شمالی وزیرستان: فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ، دو جوان شہید

راولپنڈی – پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن ، فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہوگئے، کارروائی میں دو دہشتگرد مارے گئے ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، سکیورٹی فورسز نے موثر طریقے سے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ، کارروائی میں دو دہشت گرد ہلاک اور دو گرفتار کرلیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا ، دہشتگرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دوجوانوں نے جام شہادت نوش کیا، سپاہی عمران اللہ کی عمر 25 سال اور ضلع باجوڑ کے رہائشی ہیں، سپاہی افضل خان کی عمر 21 سال اور ضلع اپر دیر کے رہائشی ہیں ۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے خاتمے تک علاقے میں سرچ آپریشن جاری رہے گا۔

وزیراعظم کا پاک فوج کے شہید سپاہیوں کو خراج عقیدت:
وزیراعظم شہبازشریف نے شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے پاک فوج کے سپاہی عمران اللہ اور سپاہی افضل خان کو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے اور اپنی سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردوں کے مذموم مقاصد کی راہ میں آہنی دیوار ہیں، وزیراعظم نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے شہداء کی بلندی درجات کی دعا اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے