تازہ ترین
صفحہ اول / آرکائیو / اسلام کو دہشتگردی کی بھینٹ چڑھانے والے گروہ کو جواب دینا پڑے گا، آرمی چیف

اسلام کو دہشتگردی کی بھینٹ چڑھانے والے گروہ کو جواب دینا پڑے گا، آرمی چیف

پشاور – آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا، کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا، دورہ پشاور کے دوران جنرل عاصم منیر فورٹ بالا حصار ہیڈ کوارٹرز فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا میں یادگار شہدا پر گئے، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل عاصم منیر نے خیبرپختونخوا کے نئے ضم شدہ اضلاع کے قبائلی عمائدین اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے معززین سے ملاقات کی، اس کے علاوہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے تاریخی گرینڈ جرگے میں بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوج اور سکیورٹی کے تمام ادارے اور پاکستان کے عوام ایک ہیں، جو لوگ امن کو برباد کرنا چاہتے ہیں وہ ہم میں سے نہیں ہیں، پاکستانی فوج شہداء کی فوج ہے جس کا نعرہ ایمان ، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ ہے، پاکستان ریاست مدینہ کے بعد کلمے پر بننے والی دوسری ریاست ہے۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کا کچھ نہیں کر سکتی، مذاکرات ہوئے تو وہ صرف پاکستان اور عبوری حکومت کے مابین ہوں گے، کسی بھی گروہ یا جتھے سے بات نہیں کی جائے گی، اسلام سلامتی اور امن کا دین ہے، جنہوں نے اس دین کو دہشتگردی کی بھینٹ چڑھایا ہے ان کو جواب دینا پڑے گا، افغان مہاجرین کو پاکستان میں پاکستان کے قوانین کے مطابق رہنا ہوگا۔

افغان حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ کیا احسان کا بدلہ احسان کے علاوہ کچھ اور بھی ہو سکتا ہے، پاکستان کو کالعدم تنظیموں کیلئے پناہ گاہوں اور افغان سرزمین سے کارروائی پر تحفظات ہیں، پاکستان دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گا، پاکستان کے آئین میں حاکمیت صرف اللہ کی ذات کی ہے، یہ خوارج کون سی شریعت لانا چاہتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ میں اور میری بہادر فوج دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے، دہشت گردوں کے پاس ریاست کے سامنے سر تسلیم کرنے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں، ہم اللہ کے راستے میں جہاد کر رہے ہیں اور کامیابی ہماری ہی ہو گی، پاک فوج کا مقصد اور نصب العین شہید یا غازی ہے۔

آرمی چیف نے کہا ہے کہ پاک فوج اپنے قبائلی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی، قبائلیوں نے مادر وطن کے امن اور خوشحالی کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں، یہ وقت تمام قبائلی علاقوں کو ترقی دینے اور نوجوانوں پر توجہ مرکوز کرنے کا ہے، پاکستان کی مسلح افواج کے خلاف دشمن قوتوں کے پراپیگنڈے سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ حکومتی منظوری کے بعد قبائل کے انضمام کے مسائل کے حل کیلئے ایک سیکرٹریٹ قائم کیا جائے گا، ہم قبائلی عوام کی معاشی ترقی کے حوالے سے منصوبوں میں ان کی شرکت کو یقینی بنائیں گے، کے پی پولیس ایک شاندار فورس ہے اور اس کی بے پناہ قربانیاں ہیں، خیبرپختونخوا کو کانوں اور معدنیات کے بڑے ذخائر سے نوازا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے