اسلام آباد – صدر مملکت کی جانب سے سمری پر دستخط کیے جانے کے بعد انوار الحق کاکڑ نگراں وزیراعظم بن گئے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجا ریاض نے مشترکہ دستخط سے سمری صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کی تھی، جس کی صدر مملکت نے منظوری دے دی۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کا دوسرا دور ہوا۔ اس سلسلے میں قائد حزب اختلاف راجا ریاض آج وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور دونوں کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام سے متعلق مشاورت کی گئی۔
وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان نگراں وزیراعظم کے تقرر سے متعلق حتمی مشاورتی عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہوا، جس کے مطابق انوار الحق کاکڑ کے بطور نگراں وزیراعظم نام پر اتفاق کیا گیا۔
بعد ازاں وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر نے مشترکہ طور پر دستخط کرکے ایڈوائس صدر پاکستان کو ارسال کردی، جس کے کچھ ہی دیر کے بعد صدر مملکت نے وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر دستخط کرکے نگراں وزیراعظم کے تقرر کی منظوری دے دی۔ صدر مملکت نے تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 224 ایک اے کے تحت کی۔
قبل ازیں وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کو مشاورتی عمل میں تعاون اور 16 ماہ کے دوران بطور بہترین قائد حزب اختلاف کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔