اسرائیل نے شام کے حلب انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فضائی حملہ کیا جس کے باعث رن وے کو نقصان پہنچنے سے سروسز معطل ہو گئیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے نے شامی وزارت دفاع کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے پیر کی صبح ساڑھے 4بجے فضائی حملے میں شام کے حلب انٹرنیشنل ایئرپوٹ کو نشانہ بنایا جس سے رن وے کو نقصان پہنچااور سروسز معطل ہو گئیں۔ اسرائیلی فوج نے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
دوسری جانب اسرائیلی فورسز اور یہودی آبادکاروں نے مختلف علاقوں مین فلسطینیوں پر دھاوا بول دیا۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق وال اینڈ سیٹلمنٹ ریزسٹنس کمیشن نے اطلاع دی ہے کہ درجنوں آباد کاروں نے نابلس کے جنوب میں قصرہ قصبہ پر دھاوا بولا اور فلسطینی کسانوں پر حملہ کردیا۔
اس دوران قابض فورسز نے فلسطینیوں پر گیس اور صوتی بم برسائے۔رام اللہ کے شمال مغرب میں واقع المزرعہ گاؤں میں آباد کاروں نے اسرائیلی قابض افواج کی حفاظت میں دھاوا بول دیا، اس موقع پر بھی اسرائلی فوج نے گاؤں والوں کو آنسو گیس سے نشانہ بنایا۔