بغداد – شمالی عراق میں ایک ٹریفک حادثے میں کم از کم 16 افراد جاں بحق ہو گئے جن میں زیادہ تر ایرانی زائرین تھے. عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق عراق کے شہر کربلا میں لاکھوں لوگ اربعین کے لیے مقدس شہر میں جمع ہو رہے تھے جو دنیا کے سب سے بڑے مذہبی اجتماعات میں سے ایک ہے۔
ریاستی خبر رساں ایجنسی آئی این اے نے صلاح الدین صوبے میں ہیلتھ سروسز کے ڈائریکٹر خالد برہان کی جانب سے مرنے والوں کی تعداد کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ دُجیل اور سامرا شہروں کے درمیان 2 منی بسیں آپس میں ٹکرا گئیں کم از کم 13 افراد زخمی بھی ہوئے۔
خالد برہان نے حادثے کی تفصیل سے آگاہ نہیں کیا تاہم مرنے والوں میں سے زیادہ تر ایران سے آئے ہوئے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زخمی ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ایک طبی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ جمعے کی آدھی رات سے کچھ دیر پہلے دو منی بسیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ عینی شاہدین کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے اہلکار نے بتایا کہ ڈرائیوروں میں سے ایک مبینہ طور پر ڈرائیونگ کے دوران سو گیا تھا۔