اسلام آباد – پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو پاکستان کی عالمی بدنامی کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عدالتی نظام کے "لاڈلے” کو باہر جانے کی کیا ضرورت ؟ عالمی عدالت انصاف جانے کا مطلب پاکستان کو عالمی کٹہرے میں مجرم بنا کر کھڑا کرنا ہے، یہ مکروہ کام صرف ملک دشمن اور ان کے کارندے کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو پاکستان واپس لانے، رہا کرانے اور آباد کرانے والے اب دہشت گردوں کو نیا راستہ دکھا رہے ہیں جن کا بندہ ہے وہ بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، پہلے ہیرو بنایا، فارن فنڈنگ کی، اقتدار دلایا اقتدار میں لا کر پاکستان کی معیشت، خارجہ تعلقات تباہ کئے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے دور اقتدار میں مہنگائی سے خانہ جنگی کی راہ ہموار کی، نوجوانوں کے ذہن میں بارود بھرا تاکہ وہ حملہ آور جتھوں میں بدل جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو عالمی عدالت انصاف میں کھڑا کرنے سے فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے انسانوں کے حقوق غصب کرنے والوں کو دلی خوشی ہوئی، کٹھ پتلی کو پاکستان کی عالمی بدنامی کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی پر یہ پیسہ کون خرچ کر رہا ہے؟
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے آفیشل ایکس (ٹوئٹر) ہینڈل سے چیئرمین پی ٹی آئی کے کیسز کا معاملہ اقوام متحدہ، عالمی عدالت میں لے جانے کیلئے جیفری رابرٹسن کی خدمات کا اعلان کیا گیا تھا۔