تازہ ترین
صفحہ اول / آرکائیو / گلگت بلتستان میں حالات معمول کے مطابق ہیں، نگران وزیر اطلاعات

گلگت بلتستان میں حالات معمول کے مطابق ہیں، نگران وزیر اطلاعات

نگران وفاقی وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے گلگت بلتستان میں پاک فوج کی تعیناتی کی تردید کردی۔ ایک بیان میں مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں پاک فوج کی تعیناتی سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں، پاک فوج کی خدمات چہلم امام حسینؓ کے موقع پر طلب کی گئی ہیں۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ گلگت بلتستان بھر میں اس وقت تمام سڑکیں، تجارتی مراکز، تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے ہیں۔ صرف چہلم کی سیکیورٹی اور صورتحال کے پیش نظرمحکمہ داخلہ نے گلگت بلتستان میں 144 نافذ کررکھی ہے۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے گلگت بلتستان میں بدامنی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئی گولی نہیں چلی، سرکاری اور نجی املاک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، احتجاج مقامی مسائل پر ایک فطری سیاسی جمہوری ردعمل ہے جس کا گلگت بلتستان میں پرامن طریقے سے انتظام کیا گیا، گلگت بلتستان امن اور ہم آہنگی کی جنت ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر گمراہ کن بیانیہ اور جعلی خبروں کے ریکارڈ کو درست کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں امن و استحکام ہے، سکول، کالج، بازار اور سڑکیں کھلی ہیں جو معمول کے احساس کا اظہار کر رہی ہیں۔

مرتضیٰ سولنگی نے مزید بتایا کہ محکمہ داخلہ نے امن و امان برقرار رکھنے، عوام کے جان و مال کے تحفظ ا ور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے سی آر پی سی 1898 کی دفعہ 144 پورے خطے میں نافذ کی ہے۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ گلگت بلتستان کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں صورتحال مکمل طور پر پرامن ہے،تجارتی مراکز، تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے