اسلام آباد – الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی کابینہ میں سیاسی افراد کی شمولیت پر تشویش کا اظہار کردیا۔ نگران وزیراعظم کے سیکریٹری توقیر شاہ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ نگران حکومت کے اقدامات سے ان کی غیرجانبداری نظر آنی چاہئے۔
الیکشن کمیشن پاکستان کے اسپیشل سیکریٹری نے خط میں لکھا ہے کہ ایسا تاثر جارہا ہے کہ نگران حکومت سابقہ حکومت کا تسلسل ہے، ایک سیاسی جماعت کی جانب سے حالیہ پریس کانفرنس میں اس کی نشاندہی کی گئی ہے۔
ای سی پی نے کہا کہ ان افراد کے کابینہ میں تقرر سے اجتناب کیا جائے جن کی سیاسی وابستگی ہو، سینئر سول سرونٹس کا اہم عہدوں پر تقرر کرتے ہوئے بھی غیرجانبداری کے اصول کو مدنظر رکھا جائے۔
واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ ن پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کو نہیں پتہ کہ انتخابات کب ہوں گے تاہم ایک سیاسی جماعت انتخابات کی تاریخیں دے رہی ہے۔