تازہ ترین
صفحہ اول / آرکائیو / دہشتگردی کے واقعات میں بھارت کی را ملوث ہے، نگران وزیر داخلہ

دہشتگردی کے واقعات میں بھارت کی را ملوث ہے، نگران وزیر داخلہ

کوئٹہ – عبوری وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ہندوستانی خفیہ ایجنسی، ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ (را) پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کو انجام دینے میں ملوث ہے۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بگٹی نے ہر قیمت پر ریاست کی رٹ قائم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

بگٹی نے کہا کہ حکام کو معلوم ہے کہ ان سرگرمیوں میں کون ملوث ہے اور وہ پاکستانیوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا بدلہ لیں گے۔

وزیر نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا بھی عہد کیا، اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ملک میں عسکریت پسندوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔

بگٹی نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ یہ کون اور کہاں سے کر رہا ہے۔

بلوچستان کے دور افتادہ ضلع مستونگ میں عید میلاد النبی کے جلوس کو نشانہ بنانے والے خودکش حملہ میں پولیس اہلکار سمیت 52 افراد جاں بحق اور 60 زخمی ہوگئے۔ دریں اثناء کے پی کے ہنگو میں، ایک اور خودکش دھماکہ ایک مسجد میں ہوا، جس میں ایک پولیس اہلکار سمیت پانچ افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوئے۔

دونوں حملے جمعہ کے روز نماز جمعہ اور پیغمبر اسلام (ص) کے یوم ولادت کی تقریبات کی تیاریوں کے دوران ہوئے۔

ادھر بلوچستان کے ضلع مستونگ میں عید میلاد النبی کے جلوس کی تیاری کے دوران خودکش حملے کا مقدمہ کوئٹہ کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) تھانے میں نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ملزمان کے خلاف قتل، اقدام قتل، انسداد دہشت گردی اور دھماکہ خیز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ واقعے کے بعد تحقیقات جاری ہیں تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ حکام نے ڈیرہ بگٹی سے چار فٹبالرز کو بازیاب کرایا ہے اور باقی جلد بازیاب کر لیے جائیں گے۔ اس ماہ کے شروع میں 9 ستمبر کو چھ فٹبالرز کو سبی جاتے ہوئے بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی کے جانی بیر سے اغوا کر لیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے