لاہور – نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) پر پابندی نگران حکومت کا مینڈیٹ نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے وفادار امیدوار الیکشن میں حصہ لیں گے، ریاست صرف میری ذاتی نہیں ہے، جو بھی شخص آئے گا وہ پالیسی کا تسلسل برقرار رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو واپس نہیں بھیج رہے،غیر قانونی مقیم تارکین وطن کو اپنے ملکوں میں واپس بھیجا جا رہا ہے، بہت سے لوگ بغیر کسی دستاویزات کے کئی سالوں سے رہائش پذیر ہیں، یہ لوگ واپس جائیں اور قانونی طور پر واپس آئیں، کسی بھی دوسرے ملک کا شہری ویزا لیکر پاکستان آسکتا ہے۔
انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ البتہ کسی کے املاک پر قبضہ کرنا یا ہتھیانا ہمارا مقصد نہیں ہے،انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے سوال کے جواب میں نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ووٹ دینے کیلئے جتنے آپ بے چین ہیں اتنا میں بھی ہوں، الیکشن کی تاریخ کا اعلان پورا آئین نہیں ہے، آئین کے کئی اور پہلو ہیں، کیا ان تمام پہلووں کو نظرانداز کر کے صرف اس ایک پہلو پر زور دینا چاہیے؟ اپنے طور پر ہم نے الیکشن کمیشن کو ہر طرح کی معاونت کی یقین دہانی کروا دی ہے، اس سے آگے بڑھ کر ہمارا الیکشن کمیشن سے تاریخ پوچھنا مناسب نہیں ہوگا۔