بنگلورو – ورلڈ کپ کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو شکست دے کر سیمی فائنل تک پہنچنا اپنے لیے آسان بنا لیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق کرکٹ کے عالمی کپ کے 41 ویں اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے حریف کو آسانی سے 5 وکٹوں سے ہرا دیا، جس کے بعد اس کے لیے سیمی فائنل تک پہنچنے کا راستہ آسان ہوگیا۔
سری لنکا کی جانب سے دیے گئے 172 رنز کے ہدف کو نیوزی لینڈ نے 23.2 اوورز میں مکمل کرلیا، جس کے بعد اسے 2 پوائنٹس مل گئے۔
قبل ازیں ٹاس جیتنے کے بعد نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی، جس میں سری لنکن ٹیم نے مجموعی طور پر 46.4 اوورز کھیلے اور 171 رنز بنا کر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ سری لنکا کے کوشل پریرا نے اپنی اننگ میں سب سے زیادہ 51 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 37 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو میدان سے باہر بھیجا۔ ان کے علاوہ لوکی فرگوسن،مچل سینٹنر اور راچن رویندرا نے2 ،2وکٹیں حاصل کیں۔ ٹم ساؤتھی ایک وکٹ لے سکے۔
بعد ازاں نیوزی لینڈ نے 172 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 23.2 اوورز کھیلے اور مجموعی طور پر 5 وکٹیں گنوا کر میچ جیت لیا۔ نیوزی لینڈ کے ڈیون کونوے نے 45 ، ڈیرل مچل نے 43 ، رچن رویندرا نے 42 رنز بنائے۔ کپتان کین ولیمسن 14اور مارک چیپمین 4 رنز بناسکے۔ میچ میں گلین فلپس 17 اور ٹام لیتھم 2 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔