رسالپور – نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا داعی ہے، ہم ہمسایہ ممالک سے برادرانہ تعلقات کے خواہاں ہیں۔ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں پاکستان ایئر فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد ہوا، نگران وزیراعظم تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے جہاں انہوں نے پریڈ کا معائنہ کیا اور پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دی۔
پاس آؤٹ ہونے والوں میں 148 جی ڈی پائلٹ، 94 انجینئرنگ کورس کے کیڈٹ شامل تھے، ایئر ڈیفنس کے 104، کومبیٹ سپورٹ کورس کے 130 کیڈٹ بھی پاس آؤٹ ہونے والوں میں شامل تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، گریجوایشن پریڈ کا معائنہ کرکے بے حد خوشی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلحے کی کسی دوڑ میں شامل نہیں، خوشی ہے کہ پاک فضائیہ نے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا، آئی ٹی کی تبدیلیوں نے سکیورٹی ماحول کو تبدیل کر دیا ہے، ہمیں جدید ٹیکنالوجی سے خود کو ہم آہنگ کرنا ہے۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ توقع ہے کہ آپ اپنی ٹریننگ کی بنیاد پر چیلنجز پر قابو پائیں گے، پاکستان کی مسلح افواج اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، مسلح افواج کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔