لاہور – پی ٹی آئی رہنما ہمایوں اختر نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے آئی پی پی میں شمولیت ختیار کرلی- نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ہمایوں اختر خان نے استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہوتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے 9 مئی کے واقعات کے بعد پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا فیصلہ کیا.
استحکام پاکستان پارٹی کے رہنماؤں جہانگیر ترین اور علیم خان کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان کا کہنا تھا کہ 9 مئی واقعات میں ملوث افراد کو عدالتیں ضرور سزا سنائیں مگر جو لوگ بے گناہ ہیں، انہیں رہا کردیا جائے- آئی پی پی کی قیادت نے پی ٹی آئی کو بنانے میں بہت اہم کردار ادا کیا تھا، اس وقت نوجوان مایوس تھے اور تحریک انصاف کی طرف دیکھ رہے تھے-
پریس کانفرنس کے موقع پر جہانگیر ترین نے بات کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف 9 مئی واقعات کے بعد غیر مقبول ہوئی، اس کی پوزیشن اب ماضی کیسی نہیں ہے- انہوں نے کہا کہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو جاتی ہے تو یہ اچھی بات ہوگی- الیکشن ہونے والے ہیں، انتخابات میں حصہ لیں گے- انہوں نے کہا کہ اس وقت ملکی معیشت اہم ہے اسے ترقی ملے گی تو ملک ترقی کرے گا-
آئی پی پی رہنما علیم خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہم نے تاحال مسلم لیگ ن کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں کیا، بات چیت ہو رہی ہے، تاہم فی الحال نتیجہ خیز نہیں ہے-