نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان کو 46 رنز سے شکست دیکر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
اکلینڈ میں کھیلے جارہے میچ میں کیوی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز بنانے میں کامیاب رہی، یوی اوپنر ڈیون کانوے اور فن ایلن نے بیٹنگ کا آغاز کیا تاہم کانوے صفر کے انفرادی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، اوپنر کی وکٹ گرتے ہی فن ایلن نے پاکستانی بالرز پر لاٹھی چارچ کیا اور شاہین کے دوسرے ہی اوور میں 24 رنز بناڈالے۔
15 گیندوں پر 34 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے والے فن ایلن عباس آفریدی کا شکار بنے، پاکستانی فیلڈرز نے کپتان کین ولیمسن کے دو کیچز ڈراپ کیے، وہ 57 اور ڈیرل مچل 61 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں گلین فلپس 21، مارک چیپ مین 26، ایڈم ملنے 10 اور ایش سودھی صفر پر پویلین لوٹے۔
پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی اور شاہین آفریدی نے 3،3 جبکہ حارث رؤف نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم مقررہ 18 اوورز میں محض 180 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، قومی ٹیم کے اوپنر صائم ایوب نے جارحانہ آغاز فراہم کرنے کی کوشش کی تاہم وہ 27 کے انفراد اسکور پر رن آؤٹ ہوئے، نائب کپتان محمد رضوان 25 اور فخر زمان 15 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
دیگر کھلاڑیوں میں کپتان شاہین آفریدی صفر، جبکہ اسامہ میر اور عباس آفریدی ایک ایک رنز بناسکے۔ بابراعظم نے 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 35 گیندوں پر 57 رنز بنائے تاہم وہ قومی ٹیم کو جتوانے میں ناکام رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 4 جبکہ ایڈم ملنے اور بین سیئرز نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے ابتداء میں کنڈیشنز کا فائدہ اٹھا کر کیویز کے ٹاپ آرڈر کا شکار کریں۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف عباس آفریدی اور اسامہ میر ڈیبیو کریں گے۔
اس موقع کیوی کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ گرین شرٹس کیخلاف بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان کا اسکواڈ::
کپتان شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان، صائم ایوب، بابر اعظم، فخر زمان، افتخار احمد، اعظم خان، عامر جمال، اسامہ میر، حارث روف، عباس آفریدی
نیوزی لینڈ کا اسکواڈ:
کپتان کین ولیمسن، فن ایلن، ڈیون کونوے، ڈیرل مچل، گلین فلپس، مارک چیپ مین، ایڈم ملنے، میتھیو ہنری، ٹم ساؤتھی، ایش سودھی، بین سیئرز