اسلام آباد – سکیورٹی چیلنجز کے پیش نظر عام انتخابات تین ماہ کے لئے ملتوی کرنے کی ایک اور قرارداد سینیٹ میں جمع کرا دی گئی۔ آزاد پارلیمانی گروپ کے سینیٹر ہدایت اللہ نے قرارداد جمع کرائی، قرارداد میں ملک بھر میں حالیہ دہشت گردی اور پرتشدد حملوں کا بھی ذکر کیا گیا۔
قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ کے پی کے اور وزیرستان میں امیدواروں پر حملے ہوئے جو الیکشن مہم کے دوران قابل تشویش ہیں، عوام کے جان ومال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔
متن میں بتایا گیا کہ سینیٹ الیکشن کمیشن پر زور دیتا ہے کہ وہ انتخابات کے پر امن انعقاد پر ہمدردانہ غور کریں اور درپیش سکیورٹی مسائل کی وجہ سے الیکشن کے انعقاد کو 3 ماہ تک کیلئے مؤخر کردے،قرارداد میں مزید کہا گیا کہ ہر جماعت کو انتخابات میں حصہ لینے کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈ ملنی چاہیے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 5 جنوری کو سینیٹ نے ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی تھی۔