راولپنڈی – پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ ایران میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر مؤثر حملہ کیا، دہشت گرد پاکستان کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ 18 جنوری کی صبح پاکستان نے ایران میں موجود دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر مؤثر حملہ کیا، پاکستان نے حملہ آور ڈرونز، راکٹس اور دیگر ہتھیاروں سے کارروائی کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائی میں بی ایل اے، بی ایل ایف کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، آپریشن بہت احتیاط سے کیا گیا تاکہ بڑے پیمانے پر نقصان نہ ہو۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ پاکستان نے ایران میں موجود دہشتگردوں کےٹھکانوں کو کامیابی سےنشانہ بنایا، آپریشن کو "مرگ برسرمچار” کانام دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نشانہ بنائے گئے ٹھکانے بدنام زمانہ دہشت گرد استعمال کر رہے تھے، دہشتگردوں میں دوستا عرف چیئرمین، بجر عرف سوگھت، ساحل عرف شفق، اصغر عرف بشام اور وزیر عرف وزی شامل ہیں ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج دہشتگردی کی کارروائیوں کے خلاف پاکستانی شہریوں کی حفاظت کیلئے مکمل تیار ہیں، پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور کسی بھی مہم جوئی کے خلاف ہمارا عزم غیرمتزلزل ہے، پاکستانی عوام کی حمایت سے تمام دشمنوں کو شکست دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔