اسلام آباد – وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کی جانب سے کی گئی جارحیت کے مؤثر اور بھرپور جواب اور “آپریشن بنیان مرصوص” کی کامیابی پر 10 مئی کو ملک بھر میں “یومِ معرکہ حق” کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق وزیراعظم آفس سے جاری کردہ بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ یہ دن اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے، افواجِ پاکستان کی بے مثال بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور پوری قوم کے حوصلے اور وحدت کو سراہنے کے لیے منایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ “آپریشن بنیان مرصوص” نے دشمن کی جارحیت کو مؤثر اور بھرپور جواب دیا اور پاکستان نے ہر محاذ پر برتری ثابت کی۔
وزیراعظم نے قوم، بالخصوص علمائے کرام سے اپیل کی کہ وہ اس دن اجتماعی دعاؤں اور نوافل کا اہتمام کریں، اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں اور شہداء و غازیوں کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا اور پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، انہوں نے عالمی برادری، خصوصاً امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکی، قطر اور برطانیہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے جنگ بندی کے لیے مخلصانہ کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ حالیہ کشیدگی کے دوران بھارت کی جانب سے پاکستانی حدود میں حملوں کے جواب میں پاکستان نے “آپریشن بنیان مرصوص” کے تحت مؤثر کارروائی کی، جس کے بعد امریکا کی ثالثی سے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مکمل تیاری کے ساتھ اپنے دفاع کو یقینی بنایا اور دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔