اسلام آباد ۔ پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) ایکشن پلان کے حوالے سے سعودی عرب کے کردار سے متعلق بعض میڈیا رپورٹس کو جھوٹی اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
جمعرات کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک بین الاقوامی اہمیت کے تمام معاملات پر ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کی بہت قدر کرتا ہے اور اس قسم کے بے بنیاد اور جھوٹے پروپیگنڈے کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کا ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہنا تھا کہ پاکستان کا اسرائیل اور مشرق وسطیٰ سے متعلق واضح موقف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بوسنیا کے صدر کا دورہ ری شیڈول ہو رہا ہے، حتمی تاریخ کا اعلان بعد میں کریںگے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ چین مین طلبہ ویزے سے متعلق پابندی صرف پاکستان کیلئے نہیں، تمام ممالک کیلئے ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کی کانفرنس مجازی طور پر روس میں منعقد ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جلال آباد بھگدڑ کے متاثرین کے اہلخانہ سے بھرپور ہمدردی کرتے ہیں۔ بھگدڑ پاکستانی قونصل خانے سے 5 میل دور ایک سٹیڈیم میں مچی۔ سٹیڈیم کے سارے انتظامات صوبائی افغان انتظامیہ دیکھ رہی تھی۔ پاکستان اور سعودی عرب کے حوالے سے خبر بے بنیاد اور کم علمی پر مبنی ہے۔