بیجنگ – چین نے افغانستان میں طالبان حکومت کو 3 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی مالیت کے امدادی پیکیج دینے کی پیشکش کی ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے افغانستان کی معیشت کی بحالی اور معاشرے کی تعمیر نو کا عزم اظہار کرتے ہوئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی پیکیج کی پیشکش کی ہے۔
چین کے 3 کروڑ 10 لاکھ مالیت کے اس امدادی پیکیج کو افغانستان سے کورونا وبا کے خاتمے اور غذائی قلت کی دوری کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔ افغانستان کے لیے امدادی پیکیج کا اعلان چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستان، ایران اور تاجکستان، ازبکستان اور ترکمانستان کے ہم منصبوں کے ساتھ ملاقات میں کیا۔
اس موقع پر چینی وزیر خارجہ وانگ یی کا کہنا تھا کہ چین خطے کے ممالک کے ساتھ مل کر افغانستان کی معیشت اور معاشرے کی تعمیر نو کے ساتھ ساتھ دہشت گرد گروہوں اور منشیات کی غیر قانونی تجارت سے لڑنے میں مدد کرے گا۔
واضح رہے کہ چین نے ابھی تک باضابطہ طور پر طالبان کی حکومت کو تسلیم نہیں کیا ہے تاہم کابل میں اپنا سفارت خانہ کھلا رکھنے کا اعلان کرچکا ہے اور آج ہی چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے طالبان کی نئی حکومت کے ساتھ روابط رکھنے اور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔