ریاض – وزیراعظم شہبازشریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سےملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات کے موقع پر شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہبازشریف کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ ان کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
اس مو قع پر وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کو اپنے وفد کے ارکان کا تعارف کرایا، وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیردفاع خواجہ آصف ،وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل، وزیراطلاعات مریم اورنگزیب ملاقات میں شریک ہیں۔
پاکستانی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیر اعظم پاکستان دونوں برادر اسلامی ملکوں کے درمیان اقتصادی و تجارتی روابط کو بڑھانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے علاوہ سعودی عرب میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔
اس موقع پر دونوں دوست ممالک باہمی دلچسپی کے امور خاص طور پر متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
یاد رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہبازشریف سعودی عرب کے تین روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔
وفاقی وزرا بلاول بھٹو زرداری، مفتاح اسماعیل، نوبزادہ شاہ زین بگٹی، مریم اورنگزیب، خواجہ محمدآصف، چوہدری سالک حسین، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، محسن داوڑ اور مولانا طاہر اشرفی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ وفد میں موجود ہیں۔ منصب وزارت عظمی سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔