لاہور – پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے سمری آج رات ہی گورنر کو ارسال کی جاسکتی ہے۔
میڈیا کے مطابق اعتماد کا ووٹ لینے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے لیے اُن کی رہائش گاہ زمان پارک پہنچے۔
دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں پنجاب اسمبلی کی تحلیل اور مستقبل کے روڈ میپ کے حوالے سے گفتگو کی جبکہ سیاسی لائحہ عمل پر مشاورت بھی کی۔
چوہدری پرویز الہیٰ سے ملاقات کے بعد عمران خان نے سینئر قیادت کا اجلاس طلب کرلیا، جس میں پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے گفتگو کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز الہیٰ سے اتفاق کی صورت میں آج رات ہی اسمبلی تحلیل ہونے کا امکان ہے جبکہ پی ٹی آئی کے ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعلیٰ کو اسمبلی کی تحلیل پر قائل کرلیا ہے، آج رات ہی اسمبلی تحلیل کی سمری گورنر پنجاب کو ارسال کی جاسکتی ہے۔
عمران خان ذرائع کے مطابق دونوں اسمبلیاں آج ہی تحلیل ہوجائیں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے چیئرمین فواد چوہدری نے کہا تھا کہ اگر کوئی قانونی مشکلات پیش نہ آئیں تو اسمبلی تحلیل کردی جائے گی۔