رخائن – میانمار میں 50 روہنگیا مسلمان تارکین وطنوں کو لے جانے والی کشتی ڈوب گئی جس کے نتیجے میں 17 افراد جاں بحق ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میانمار کی متاثرہ ریاست رخائن میں مسلم کش فسادات کے باعث روہنگیا مسلمان اپنی جانیں بچا کر کشتی کے ذریعے ملائیشیا اور انڈونیشیا میں داخل ہونے کی کوشش کرر ہے تھے لیکن کشتی الٹ گئی۔
امدادی کاموں کے دوران 17 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جب کہ 8 افراد کو بچالیا گیا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کشتی میں 50 سے زائد افراد سوار تھے۔ بقیہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
یاد رہے کہ ہر سال ہزاروں روہنگیا باشندے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر بنگلا دیش کے کیمپوں سے نکل کر کسی دوسرے محفوظ مقام پر جانے کے لیے ہنگامہ خیز سمندری سفر کا انتخاب کرتے ہیں۔