اسلام آباد – وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مختصرترین مدت میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے اوربہت بڑی تباہی سے بچالیا۔ قوم سے الوداعی خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ آئین کے راستے سے آئے تھے اور اس پر چلتے ہوئے واپس جارہے ہیں، 16 ماہ کے صبر آزما کٹھن سفر کی آئینی مدت ختم ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ ضمیر اور قلب کے اطمینان کے ساتھ واپس جارہے ہیں، ملک کی باگ دوڑ نگراں حکومت کے سپرد کررہاہوں، راجا ریاض کی مشاورت سے نگراں وزیراعظم کے لیے انوار الحق کاکٹر پر اتفاق ہوا۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکٹر شفاف اور غیرجابندار انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں گے، وقت اور ریکارڈ گواہی دے گا کہ مختصر مدت میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، قومی مفادات پر آنچ نہیں آنے دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اگر ملک ڈیفالٹ ہوجاتا تو ملک میں تباہی کی صورتحال ہوتی، مشکل فیصلے نہ کرتے تو کیا کرتے، سابق حکومت نے ریاست کو قرض کی زنجیروں میں جکڑا دیا تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم پاکستان کی ڈوبتی کشتی کو بدترین طوفانوں سے بچا کر پرامن ساحلوں کی طرف واپس لے آئے ہیں، آئی ایم ایف سے معاہدے کی کامیابی نے ملک کو معاشی استحکام عطا کیا ہے، میرے عزیز ہم وطنوں، قرض لینا کوئی کامیابی نہیں لیکن حالات جس نہج پر تھے اور سابق حکومت شرائط کی جن زنجیروں میں ریاست کو جکڑ گئی تھی، ہم نے پاکستان کو ان زنجیروں سے آزاد کرایا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عزیز ترین دوستوں اور ہر مشکل میں ساتھ نبھانے والے برادر ممالک کا اعتماد بحال کیا اور تاریخ کے بدترین سیلاب سے متاثرہ اہل وطن کا ہاتھ تھاما، شدید ترین معاشی مشکلات کے باوجود معاشرے کے کمزور ترین طبقات کو ہر ممکن ریلیف مہیا کیا، پانچ ہزار میگا واٹ مزید بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100انڈیکس 49ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر چکا ہے جو گزشتہ چھ سال کی بلند ترین سطح ہے، میڈیا کو آزادی اور میڈیا ورکرز کو حقوق دی اور سب سے بڑھ کر پاکستان کو معاشی خود انحصاری اور کشکول سے نجات دلانے کی راہ پر گامزن کردیا، ہم نے ماضی کی تاریکیاں ہی ختم نہیں کیں بلکہ خوشحال مستقبل کے لیے چراغ بھی روشن کر کے جا رہے ہیں
مہنگائی میں کمی نہ ہونے کی وجوہات بتاتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اس راہ میں سب بڑی بارودی سرنگ ڈیفالٹ کی صورت میں سابق حکومت بچھا کر گئی تھی- انہوں نے کہا کہ ضمیر اور قلب کے اطمینان کے ساتھ واپس جارہے ہیں، ملک کی باگ دوڑ نگراں حکومت کے سپرد کررہاہوں-