اسلام آباد / فیصل آباد / کراچی – بجلی کے بلوں میں اضافہ اور ہوشربا ٹیکسز کیخلاف شہریوں نے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا اوربل نذرآتش کردیئے،بہاولپور میں بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف احتجاج ہوا۔
مظاہرین نے سندھ اور پنجاب کو ملانے والی قومی شاہراہ بلاک کردی، مظاہرین نے حکومت اور واپڈا کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے بجلی کے بلوں سے اضافہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
فیصل آباد میں بجلی کے بلوں کے خلاف شہریوں نے شیخوپورہ روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے روڈ کو بلاک کر دیا، عوام نے بجلی کے بلوں میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے فیسکو کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔بجلی کے اوور بلوں پر ملتان میں صارفین نے بلال چوک پر احتجاج ریکارڈ کروایا، مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا کر مپیکو کے خلاف شیدید نعرہ بازی کی اور ٹائر جلا کر چوک کو چاروں طرف سے بلاک کرکے بجلی کے بل جلا دیئے۔
مہنگی بجلی اور ٹیکسز کی بھرمار کیخلاف صادق آباد میں تاجر تنظیموں نے احتجاجی ریلی، ریلی موبائل مارکیٹ سے پریس کلب تک نکالی گئی جس میں شرکا کا کہنا تھا کہ کمرشل بلز تو ایک طرف گھریلو بل ادا کرنا بھی ممکن نہیں رہا۔بجلی بلوں میں ظالمانہ ٹیکسوں اور بڑھتی قیمتوں کیخلاف حجرہ شاہ مقیم کے عوام نے بھرپور احتجاج کیا، مظاہرین شہریوں نے بجلی کے بل جلا دیے اور واپڈا و حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔
دیپالپور میں بھی شہریوں نے دوران احتجاج بجلی کے بل جلا دیے اور مطالبہ کیا کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لے اور شہریوں کا معاشی قتل عام بند کرے۔بنگلہ گوگیرہ میں بجلی بلز میں ظالمانہ ٹیکس کے خلاف عوام نے بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا، احتجاج میں مظاہرین نے بجلی کے بل بھی نظر آتش کر دیے، مظاہرین نے فیصل آباد روڈ بھی بلاک کر رکھا تھا۔
کوٹ مراد خان میں بھی بھاری بجلی کے بلوں پر شہری بلبلا اٹھ، شہریوں نے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دیا اور بلز میں ٹیکسس پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا، شہریوں نے بل ادا نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
رسالپور میں عوام بجلی کے بھاری کے خلاف سراپا احتجاج عوام نے مردان نوشہرہ جی ٹی روڈ مکمل طور پر ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بلاک کر دیا، بجلی بلوں کے خلاف تاجران نے تجارتی مراکز اور دکانیں بند کر دیں، مشتعل مظاہرین نے واپڈا پیسکو اور حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی کے بھاری بلوں نے غریب عوام کی چیخیں نکال دی ہیں، حکومت بجلی کے بلوں سے ظالمانہ ٹیکس کٹوتیاں ختم کرے، ریلیف نہ دیا گیا تو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔بجلی کے بلز میں اضافے کے خلاف سخاکوٹ میں احتجاجی مظاہرہ ہوا، سخاکوٹ بازار میں مشتعل مظاہرین نے روڈ بلاک کر دیا، مظاہرین نے بجلی بلز ادا نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی میں بینڈ باجے بجا کربجلی کے بل نذر آتش کیے گئے، شہریوں کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بجلی بلوں کو جلا دیا اور مہنگی بجلی نا منظور نامنظورکی نعرے بازی بھی کی۔خانیوال میں وکلا کی جانب سے بجلی کے بلوں میں اضافے اور بے جا ٹیکس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
اس موقع پر وکلا کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ اور ظالمانہ ٹیکس لگا کر غریب عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ آزاد کشمیر باغ میں بھی بجلی کے بلوں میں اضافے پر احتجاج کیا، مظاہرین کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں چھ ستمبر سے میٹر اتارو مہم کاآغاز کیا جائے گا۔