اسلام آباد – پاکستان کی تیز ترین خاتون ایتھلیٹ تامین خان نے ایشین گیمز میں اچھی پرفارمنس کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایشین گیمز میں ان کا پہلا ہدف پاکستان کا نیشنل ریکارڈ بنانا ہے،ایشین گیمز 23 ستمبر سے چین کے شہر ہینگزو میں ہوں گے جس میں تامین خان 100 میٹر اور 200 میٹر دوڑ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
تامین کا کہنا تھا کہ وہ ان دونوں ایونٹس کا ریکارڈ بڑے مارجن سے بہتر کرنے کے لیے کافی محنت کر رہی ہیں،پاکستان کے قومی ریکارڈز میں 100میٹر کا ریکارڈ 11.81 سیکنڈز کی ٹائمنگ کے ساتھ نسیم حمید اور صدیق صدیقی کے پاس ہے۔
تامین خان نے گزشتہ سال ہونے والی قومی چیمپئن شپ میں 11.86سیکنڈز کی ٹائمنگ کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا تھا،خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والی طالبہ تامین خان نے کہا کہ ایشین گیمز بڑا ایونٹ ہے اور کافی مشکل مقابلے ہوں گے، کوشش ہوگی کہ میں سیمی فائنل اور فائنل کے لیے کوالیفائی کروں،انہوں نے کہا کہ پچھلی ایشین چیمپئن شپ میں فائنلسٹ کی ٹائمنگ 11.2سے 11.6رہی تھی، ان کی کوشش ہوگی کہ اس ٹائمنگ کو حاصل کریں۔