اسلام آباد – ملک بھر میں بدترین مہنگائی، بجلی کے بھاری بھر کم بل اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ تاجر برادری کی جانب سے ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔
میڈیا کے مطابق معاشی حب کراچی میں کی سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم ہے، پبلک ٹرانسپورٹ غائب ہے، اورنگی ٹاؤن، شیرشاہ، داؤد چورنگی کے علاقوں میں شہری احتجاج کر رہے ہیں۔
لاہور، فیصل آباد، ملتان پیرمحل، ڈسکہ، ناروال، ٹبہ سلطان پور سمیت پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں میں پٹرولیم مصنوعات، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف تاجروں کی جانب سے ہڑتال کی جارہی ہے، سوات، مالاکنڈ، چمن اور کوئٹہ میں بھی تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں بند ہیں۔
کراچی کے تاجروں کی جانب سے جماعت اسلامی کی ملک گیر ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا گیا ہے، تنظیم تاجران، انجمن تاجران پاکستان کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کی ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بجلی، پٹرول نرخوں میں اضافہ واپس نہ لیاگیا تو ملک بھر میں مظاہرے کرینگے، تاجروں نے مطالبہ کیا کہ تاجر بجلی بلز، بھاری ٹیکسز، پٹرول کی قیمت میں اضافے کیخلاف کاروبار بند رکھیں۔
شیخوپورہ میں انجمن تاجران کے دونوں گروپوں کی جانب سے آج شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے، سول سوسائٹی، تاجربرادری اور وکلا تنظیموں کی جانب سے احتجاج بھی کیا جائے گا۔
پشاور میں بھی بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شٹر ڈاؤن کی جارہی ہے، پشاور بار ایسوسی ایشن نے بھی آج مہنگائی کے خلاف احتجاج کی کال دے دی ہے، وکلا آج 11 بجے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔
ڈسڑکٹ بار نارووال، شکر گڑھ کی جانب سے بھی بجلی، پٹرول مہنگائی ہونے پر ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے، اعلامیہ کے مطابق آج ڈسٹرکٹ بار نارووال، شکر گڑھ بار کے وکلا عدالت میں پیش نہیں ہونگے۔