ابوجہ – نائجیریا کی شمال مغربی ریاست کدونا میں نامعلوم مسلح ملزمان نے مسجد میں داخل ہوکر نمازیوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 7 نمازی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست کدونا کے دور دراز کے گاؤں کی مسجد میں فائرنگ اس وقت کی گئی جب بڑی تعداد میں نمازی عبادت کر رہے تھے۔ ملزمان نے پوری کارروائی اطمینان سے کی اور فرار ہوگئے۔
کدونا پولیس کے ترجمان منصور ہارونہ نے رائٹرز کو بتایا کہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے تاحال کسی شدت پسند جماعت نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
مسجد میں فائرنگ سے زخمی ہونے والے 10 سے زائد نمازیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا جہاں دو نمازیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔