کراچی – شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ بدھ کے روز صبح کے اوقات میں شدید حبس کے بعد اچانک شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بادل چھا گئے جب کہ کچھ مقامات پر بوندا باندی ہوئی۔ بعد ازاں کئی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش شروع ہوگئی۔ شدید حبس کے باعث پیدا ہونے والی گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم خوشگوار ہوگیا اور شہریوں نے سکون کا سانس لیا۔
شہر میں کورنگی، ہاکس بے، ماڑی پور، سرجانی، شیر شاہ، کیماڑی، ملیر، نارتھ کراچی، شاہراہ فیصل، صدر اور آئی آئی چندریگر روڈ کے علاقوں میں دوپہر کے بعد تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
قبل ازیں محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں بدھ کے روز آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ کراچی میں آج مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب کے الیکٹرک کی جانب سے بارش اور تیز ہواؤں کے دوران شہریوں سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کا کہا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق شہری بارش کے موسم میں برقی آلات کے استعمال میں احتیاط برتیں۔