سابق وفاقی وزیر عثمان ڈار نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سیاست سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔ عثمان ڈار نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے تحریک انصاف اور سیاست کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کارکنوں کی ذہن سازی کی، جوڈیشل کمپلیکس اور زمان پاک حملہ اسی ذہن سازی کا نتیجہ تھا، 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی زمان پارک میں ہوئی، چیئرمین پی ٹی آئی نے تنصیبات کو نشانہ بنانے کی ہدایت کی۔
عثمان ڈار کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے ریاست مخالف بیانیے کو فروغ دیا، 9 مئی ایک شرمناک سانحہ ہے، 9 مئی کے واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ جنرل عاصم منیر کی آرمی چیف تعیناتی روکنے کے لیے کیا گیا، 9 مئی حملوں کا مقدمہ فوج پر دباؤ ڈالنا تھا، 9 مئی حملوں کا مقصد جنرل عاصم منیر کو عہدے سے ہٹانا تھا۔
سابق وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ حماد اظہر، مراد سعید، اعظم سواتی اور فرخ حبیب فوج مخالف تھے، یہ چاروں افراد چیئرمین پی ٹی آئی کے قریبی ساتھی تھے، 9 مئی ایک ایسا سیاہ دھبہ ہے جسے دھلنے میں وقت لگے گا۔