اسلام آباد – نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ نگران حکومت آئین کی پیداوار ہے، ہم آئین و قانون پر عمل درآمد کے پابند ہیں۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی اور چیئرمین سینیٹ کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں نگران وفاقی وزیر نے ملک میں شفاف اور آزادانہ انتخابات یقینی بنانے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں شفاف طرز حکمرانی اور جمہوری عمل میں اوپن ڈائیلاگ اور معلومات تک رسائی کو آسان بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
نگران وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میڈیا کا بنیادی مقصد درست معلومات عوام تک پہنچانا ہے، ذمہ دارانہ صحافت وقت کی ضرورت ہے، غیر جانبدارانہ اور ذمہ دارانہ صحافت سے ہی معاشرہ درست سمت لے سکتا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے جمہوریت کی بنیادی اقدار کو برقرار رکھنے کیلئے متحرک اور غیر جانبدار میڈیا منظر نامے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ میڈیا شہریوں کو درست، بروقت اور غیر جانبدارانہ معلومات فراہم کر کے ان بنیادی اقدار کے محافظ کے طور پر کام کرتا ہے۔