ٹیکسلا – غلام سرورخان نے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب مل کر پاکستان کو مضبوط اور خوشحال بنائیں گے۔
غلام سرور خان نے ٹیکسلا میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب ایک گروپ کی صورت میں پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے، ہم نے پی ٹی آئی کے منشور پر اعتماد کیا تھا، پی ٹی آئی کی عمارت بنانے میں ہمارا، جہانگیرترین اور عبدالعلیم کا بہت کردار رہا، پی ٹی آئی کو اقتدار اور چیئرمین پی ٹی آئی کو وزیراعظم بنانے میں ان بھائیوں کا اہم کردار رہا۔
انہوں نے کہا کہ افسوس ہے ہم نیا خوشحال پاکستان نہیں بنا سکے، ہم سے سیاسی غلطیاں ہوئیں، 9 مئی کا واقعہ ہوا، اس نے پاکستان کو جھنجوڑ کر رکھ دیا، سانحہ 9 مئی واقعہ کی مذمت کرتے ہیں، ہم نے پاکستان کو کچھ نہیں پاکستان نے ہم سب کو بہت کچھ دیا، ہم نے پاکستان کو پاکستانیت دینی ہے۔
غلام سرور خان نے مزید کہا کہ ہمارا منشور سب سے پہلے مضبوط، خوشحال پاکستان ہے، پاکستان کے روشن مستقبل کا بیڑا استحکام پاکستان پارٹی نے اٹھایا ہے، تحریک انصاف اپنی سیاسی غلطیوں کے باعث مقام گنوا بیٹھی، ہم ایک نئے جوش و جذبے سے استحکام پاکستان پارٹی سے آغاز کر رہے ہیں۔