تاشقند – نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں، معصوم بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، غزہ میں جاری جنگ فوری طور پر بند ہونی چاہیے۔
تاشقند میں ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ای سی او کی 16 ویں سربراہی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لئے اعزاز ہے، پاکستانی وفد کا والہانہ استقبال کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم خطے کی ترقی کیلئے اہم فورم ہے، خطے میں تجارتی سرگرمیوں سے ہی ترقی ممکن ہے، ای سی او ممبر ممالک معدنی وسائل سے مالا مال ہیں، ای سی او ممالک کے درمیان تجارتی راہداریاں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ای سی او ریجن میں مزید سرحدی اور تجارتی راہداریوں کی ضرورت ہے، حکومت پاکستان نے سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے خصوصی کونسل قائم کر رکھی ہے، پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، پاکستان ای سی او کے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔
نگران وزیراعظم نے اجلاس میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور غزہ میں جاری جنگ فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ای سی او ممالک اس کیلئے کردار ادا کریں۔