پشاور – خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ اعظم خان پشاور کے نجی ہسپتال میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے، مرحوم کی نماز جنازہ میں گورنر کے پی کے غلام علی، آفتاب شیرپاؤ، غلام بلور، آئی جی کے پی کے اختر حیات نے بھی شرکت کی۔ ۔
ہسپتال کے ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر گلزار نے بتایا کہ اعظم خان کو کل رات 10 بجے آر ایم آئی منتقل کیا گیا، جب ہسپتال منتقل کیا گیا تو ان کی طبیعت کافی ناساز تھی، گزشتہ 4 دنوں سے انہیں ڈائریا اور الٹی کی شکایت تھی۔
انہوں نے بتایا کہ کل رات ہی ان کا سٹی سکین اور تمام ٹیسٹ کیے گئے، سٹی سکین سے پتا چلا کہ محمد اعظم خان کو ہرنیا ہے، ان کے آپریشن کے بارے میں آج فیصلہ ہونا تھا تاہم اچانک 9 بجے ان کو دورہ پڑا جس کے بعد وہ جانبر نہ ہوسکے۔ نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی نماز جنازہ آج ساڑھے 3 بجے چارسدہ کے علاقے پڑانگ میں ادا گی۔ نمازہ جنازہ میں سیاسی، سماجی اور مذہبی حلقوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
واضح رہے کہ نگراں وزیر اعلیٰ اعظم خان کے انتقال سے نگران کابینہ بھی تحلیل ہوگئی ہے۔اعظم خان صوبائی نگراں کابینہ کے آخری اجلاس کی صدارت نہیں کرسکے، یہ فریضہ نگراں وزیرسیدمسعودشاہ نے انجام دیا۔ اعظم خان ساڑھے 9 ماہ صوبے کے نگراں وزیراعلیٰ رہے۔ نگراں صوبائی کابینہ دوسری مرتبہ ختم ہوئی ہے۔ پہلی مرتبہ تمام نگراں وزرا ازخود مستعفی ہوئے تھے۔