ریاض – فلسطین کے صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ ہزاروں بچوں کے قتل پر افسردہ ہوں لیکن زیادہ افسوس عالمی برادری کی بے حسی پر ہے۔
ریاض میں او آئی سی اور عرب لیگ کے غزہ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین کے صدر نے کہا کہ اسرائیل کو اپنی فوج پر گھمنڈ ہے کہ وہ ہمیں ختم کردے گا لیکن فلسطین کے عوام اسرائیل کی بدترین جارحیت کا بہادری سے مقابلہ کررہے ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے ہزاروں فلسطینی شہید اور زخمی ہوچکے ہیں، میرا دل ہزاروں معصوم بچوں کے قتل عام پر بے حد افسردہ ہے لیکن اس سے زیادہ افسوس عالمی برادری کی بے حسی پر ہے۔
محمود عباس نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ہے، اسرائیلی کی افواج کو جنگی جرائم کی عدالت میں لایا جائے۔