تازہ ترین
صفحہ اول / آرکائیو / وزیراعظم شہباز شریف کا سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف کا سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان

اسلام آباد – وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال نے ملک میں وسیع پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جس کے پیش نظر متاثرہ علاقوں کے گھریلو صارفین کے اگست کے بجلی کے بل معاف کیے جا رہے ہیں۔

قوم سے مختصر خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب نے نہ صرف قیمتی انسانی جانوں کا نقصان کیا بلکہ لاکھوں افراد کے مال و مویشی، گھروں اور روزگار کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں، عوام اور مسلح افواج امدادی سرگرمیوں میں بھرپور طریقے سے حصہ لے رہے ہیں، تاکہ متاثرہ افراد تک اشیائے خوردونوش اور طبی سہولیات بروقت پہنچ سکیں۔

وزیراعظم نے کہا، "ہم نے یہ حتمی فیصلہ کیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تمام گھریلو صارفین کے اگست کے بجلی کے بل معاف کیے جائیں گے۔ ان صارفین کو یہ بل ادا کرنے کی ضرورت نہیں، حکومت یہ اخراجات اپنے وسائل سے برداشت کرے گی۔”

انہوں نے مزید کہا کہ جن صارفین نے پہلے ہی اگست کا بل ادا کر دیا ہے، انہیں آئندہ ماہ کے بل میں یہ رقم واپس کر دی جائے گی، جس کے لیے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ زرعی و صنعتی شعبے سے تعلق رکھنے والے صارفین کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، اس لیے ان کے بلوں کی ادائیگی فی الحال مؤخر کر دی گئی ہے۔ اگر ان کے نقصانات زیادہ ثابت ہوئے تو انہیں اضافی ریلیف بھی فراہم کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا، "ہم جانتے ہیں کہ متاثرہ علاقوں میں بزرگ، خواتین اور بچے کھلے آسمان تلے مشکلات سے دوچار ہیں۔ یہ اقدام ان کی مشکلات کم کرنے کی ایک چھوٹی سی کوشش ہے، جو ان کا حق ہے، کسی پر احسان نہیں۔”

آخر میں انہوں نے سیلاب سے متاثرہ تمام علاقوں کی مکمل بحالی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ، "ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ہر متاثرہ شخص کو اس کے گھر میں دوبارہ آباد نہ کر دیں۔”

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے