تازہ ترین
صفحہ اول / آرکائیو / خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی: "فتنۃ الخوارج” کے 31 دہشت گرد ہلاک

خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی: "فتنۃ الخوارج” کے 31 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی – خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات پر دو مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد گروہ "فتنۃ الخوارج” کے 31 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 13 اور 14 ستمبر 2025 کو کی گئیں، جن میں دہشت گردوں کے اہم ٹھکانے مؤثر انداز میں نشانہ بنائے گئے۔

لکی مروت میں کارروائی: 14 دہشت گرد ہلاک:
ترجمان پاک فوج کے مطابق پہلا آپریشن ضلع لکی مروت میں کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی پراکسی نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والے 14 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچا دیا گیا۔

بنوں آپریشن: مزید 17 دہشت گرد مارے گئے:
دوسری کارروائی ضلع بنوں میں کی گئی، جہاں فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔ آپریشن کے نتیجے میں مزید 17 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔ دونوں کارروائیوں کے دوران علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن بھی جاری رکھا گیا۔

ملک دشمن عناصر کا مکمل صفایا کیا جائے گا:
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سرپرستی میں چلنے والے دہشت گرد نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہر اُس عنصر کو بے نقاب اور ختم کیا جائے گا جو پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرہ ہو۔

11 ستمبر کا آپریشن: 10 دہشت گرد ہلاک، 7 جوان شہید:
اس سے قبل 11 ستمبر کو بھی لوئر دیر کے علاقے لعل قلعہ میدان میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کی گئی تھی، جس میں 10 دہشت گرد ہلاک جبکہ 7 جوان مادرِ وطن پر قربان ہو گئے۔ یہ جوان اُن بے گناہ شہریوں کو بچاتے ہوئے شہید ہوئے جنہیں دہشت گردوں نے یرغمال بنا رکھا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے